جوزف وجے کا وزیراعلیٰ ٹامل ناڈو بننے کا اعلان، چنئی میں حلف برداری آج
جوزف وجے کا وزیراعلیٰ ٹامل ناڈو بننے کا اعلان، چنئی میں حلف برداری آج
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے سابق معروف اداکار جوزف وجے آج بھارتی ریاست ٹامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حلف برداری کی مرکزی تقریب چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جہاں نومنتخب وزیراعلیٰ اپنے عہدے کا باضابطہ حلف لیں گے۔
جوزف وجے کی سیاسی جماعت ٹی وی کے نے ریاستی انتخابات میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے 234 میں سے 108 نشستیں حاصل کیں اور سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔ اگرچہ حکومت بنانے کے لیے 118 نشستیں درکار تھیں، تاہم کانگریس، سی پی آئی، سی پی ایم، انڈین یونین مسلم لیگ اور دیگر اتحادی جماعتوں کی حمایت سے انہیں واضح اکثریت حاصل ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق جوزف وجے نے ہفتے کے روز گورنر راجند وشواناتھ سے ملاقات کی جس کے بعد انہیں حکومت سازی کی باضابطہ دعوت دی گئی۔ گورنر نے انہیں 13 مئی تک اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت بھی کی۔
یہ پیش رفت اس لیے بھی غیر معمولی قرار دی جا رہی ہے کیونکہ جوزف وجے نے اپنی سیاسی جماعت فروری 2024 میں قائم کی تھی اور اپنے پہلے ہی انتخاب میں بڑی کامیابی حاصل کرکے ٹامل ناڈو کی روایتی سیاست میں اہم تبدیلی پیدا کر دی ہے۔
یاد رہے کہ جوزف وجے نے فلمی کیریئر کے عروج پر سیاست میں آنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے نہ صرف فلم انڈسٹری کو خیرباد کہا بلکہ نوجوانوں، بے روزگاری، بدعنوانی اور سماجی مسائل پر مسلسل آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ 2019 میں انہوں نے بھارتی شہریت ترمیمی قانون پر بھی تنقید کی تھی۔